ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ کیلئے مصنوعی ذہانت کے کیمرے نصب
— October 5, 2024لندن ( اے آئی اے ) ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ کیلئے مصنوعی ذہانت کے کیمرے نصب تفصیلات کے مطابق پلائی متھ کے علاقے میں ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ کیلئے مصنوعی ذہانت کے کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں. یہ کیمرے ٹاوی اسٹاک روڈ ڈیری فورڈ میں نصب کئے گئے ہیں، یہ کیمرےعلاقے سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کی تصاویر اتاریں گے تاکہ ٹریفک خلاف ورزی کا پتہ چلایا جاسکے۔ اس سے یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ گاڑی کے مسافر سیٹ بیلٹ باندھے ہوئے ہیں یا نہیں اور ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون تو استعمال نہیں کررہا۔ پلائی متھ سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ اگرچہ کیمرے قانون کی خلاف ورزی کا پتہ چلانے کیلئے مصنوعی ذہانت سے کام لیں گے لیکن اس کی لی ہوئی تصاویر انسان دیکھیں گے، اگر کسی خلاف ورزی کا پتہ چلا تو پہلے ڈرائیور کو ایک وارننگ بھیجی جائے گی۔ ڈیوون اور کارن وال پولیس کے روڈ سیفٹی کے سربراہ اڈریان لیسک کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ڈیوون اور کارن وال میں کئی ہولناک حادثات ہوئے ہیں، جن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی وجہ سے یا تو لوگ ہلاک ہوئے ہیں یا شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال بھی خطرناک ہے اور اس سے حادثات کے خطرات بہت بڑھ جاتے ہیں۔