
وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے ، معظم جاہ انصاری کمانڈنٹ ایف سی تعینات
— May 11, 2023
اسلام آ باد ( اے آئی اے ) وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری صلاح الدین خان کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی معظم جاہ انصاری کو کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کر دیا ہے گریڈ 22 کے دونوں افسران کا تعلق پولیس سروس سے ہے، وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام یوسف خان کا تبادلہ کر کے سیکرٹری تخفیفِ غربت ڈویژن تعینات کر دیا ہے یوسف خان کو 3ماہ یا مستقل تعیناتی تک سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا ہے، ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 20کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کی منتظر شازیہ رضوی کو جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن تعینات کیا گیا ہے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرد ئیے ہیں ، در یں اثنا ءوفاقی حکومت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل (ٹیلی کام) آئی ٹی ڈویژن کا تقرر کر دیا گیا ہے اِس ضمن میں وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق فیصل اقبال رتیال ڈائریکٹر جنرل (ٹیلی کام) آئی ٹی ڈویژن مقرر کئے گئے ہیں، تقرر کنٹریکٹ پر 3 سال کیلئے ایم پی 2 سکیل میں کیا گیا ہے۔